پاکستان ڈیفالٹ کرگیا، صرف اعلان ہونا باقی ہے: ڈاکٹر اشفاق حسن 

پاکستان ڈیفالٹ کرگیا، صرف اعلان ہونا باقی ہے: ڈاکٹر اشفاق حسن 
سورس: File

اسلام آباد: معروف ماہر معیشت ،سابق وفاقی وزیر خزانہ اور ڈین نسٹ بزنس سکول ڈاکٹر اشفاق حسن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی بحران موجودہ حکومت جان بوجھ کر لے کر آئی ہے۔ 11 ماہ پہلے ایسے حالات نہیں تھے۔ حکومت نے آئی ایم ایف سے صحیح طرح سے مذاکرات نہیں کیے۔ ہم ڈیفالٹ کرگئے ہیں بس اعلان ہونا باقی ہے۔ 

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا کہ جب میں وزارت خزانہ میں تھا کہ میں نے آئی ایم ایف کو ڈیل کیا تھا ۔مشرف دور میں ڈالر کا ریٹ 62 روپے تھا آئی ایم ایف نے کہا کہ 85 کریں لیکن ہم نے بارگیننگ کی اور 72 پر راضی ہوگئے۔ 

ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا کہ ملک کو اس حالت میں پہنچنے میں 34 سال لگے ہیں۔ آئی ایم ایف سے ہماری بارگیننگ پاور ختم ہوگئی ہے۔ ہماری یہ حالت ہوگئی ہے کہ ان کا حکم ماننے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے دور میں اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ پاکستان کو 100 ارب ڈالر کی ضرورت ہے سب نے کہا کوئی مسئلہ نہیں۔ دو ماہ کے بعد اخبار میں مضمون چھپا اس میں کہا گیا کہ پاکستان کو سالانہ 10 ارب ڈالر دیدیں لیکن ان کے نیوکلیئر پاور کے بارے میں بات کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکا کی صورتحال پر پہنچ گئے ہیں ۔ ہم ڈیفالٹ ہو چکے ہیں لیکن آفیشلی طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ سری لنکا کے بھی یہی حالات تھے جو ہمارے ہیں انہوں نے اعلان کیا ہمارا اعلان ہونا باقی ہے۔