بحرین : ارکان پارلیمنٹ کی ہفتے میں تین دن کی چھٹی کی تجویز

بحرین : ارکان پارلیمنٹ کی ہفتے میں تین دن کی چھٹی کی تجویز

منامہ : مسلمان عرب ملک بحرین کے ارکان پارلیمنٹ نے ہفتے میں 3 روزہ تعطیل کی تجویز پیش کر دی ہے۔

بحرین کی پارلیمنٹ کے پانچ ممبران حمد العلیوی، حمد الدوری، احمد قراطہ، محمد البلوشی اور بدر التمیمی نے حکومت سے درخواست کی کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تین دن چھٹی کی جائے۔

محمد العلیوی نے اپنی تجویز کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بحرین اسلامی ملک ہے اور اسلامی ریاستوں میں اپنے رسم و رواج ہیں ، جمعے کا دن نہ صرف یہ کہ ہمارے معاشرے میں اہم ہے بلکہ پوری مسلم دنیا جمعے کو سماجی اور مذہبی معاملات سے جڑی رہتی ہے، نئے حالات کے تناظر میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین دن کی چھٹی کا نظام لاگو کرنے سے گھر والوں سے ملاقات کا موقع زیادہ ملے گا ، بچوں اور نئی نسل پر ٹیکنالوجی انقلاب کے منفی اثرات سے بھی تین روزہ چھٹی کی صورت میں بہتر شکل میں نمٹا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تین روزہ چھٹی شارجہ میں پہلے ہی رائج ہے جہاں ہر ادارے کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جمعے کے دن کی ڈیوٹی کے اوقات حسب ضرورت باقی ماندہ ایام میں شامل کر سکتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں