برطانیہ: کشمیر میں سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے مہم کا آغاز

برطانیہ: کشمیر میں سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے مہم کا آغاز
سورس: File

برمنگھم:  تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب اور دیگر رہنمائوں مفتی عبدالمجید ندیم اور چوہدری اکرام الحق کے ہمراہ کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانے کیلئے مختلف اقدامات کا اعلان کیا۔

برمنگھم میں ایک تقریب میں کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے مہم کا آغاز کرتے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی اور دیگر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری سیاسی نظربند مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کے اصل ہیرو ہیں اور ان کی غیر قانونی نظربندی سے رہائی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

فہیم کیانی نے برمنگھم میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے نوآبادیاتی اور سامراجی عزائم کو تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے اور کشمیریوں کو بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری سیاسی نظربندوں کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے اور انکی رہائی کے لیے مختلف عالمی شہروں میں سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیاں منعقد کرنے کے لیے تحریک کشمیر اپنے لیڈروں اور اتحادیوں کو متحرک کر رہی ہے۔

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر نے کہاکہ عالمی شہرت یافتہ انسانی حقوق کے کشمیری کارکن خرم پرویز کو بغیر کسی الزام کے گرفتار کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے پر مغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فہیم کیانی نے کہاکہ یہ عالمی نظام انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کے دعویداروں کیلئے باعث شرم ہے۔

فہیم کیانی نے کہا کہ تحریک کشمیر 30 جون کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 3 اگست کو تاریخی شہراستنبول میں تنازعہ کشمیر کے حل کے بارے میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائیگی۔

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہا کہ تحریک کشمیر برطانیہ نے 05اگست کو برطانیہ اور یورپ کے کئی شہروں میں پروگرام ترتیب دیے ہیں جن میں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو ختم کرنے پر زور دیاجائے گاجو کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بڑی وجہ ہے۔

مصنف کے بارے میں