نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچتے ہی مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے: رانا ثنا اللہ

نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچتے ہی مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے: رانا ثنا اللہ
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی پاکستان واپسی کے بعد کا ابتدائی پلان بتاتے ہوئے کہا کہ  نواز شریف 21 اکتوبرکو لاہور پہنچیں گے اور اس کے بعد وہ مینارِ پاکستان جائیں گے۔

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے  پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر  رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہماری الیکشن مہم کا آغاز مینارِ پاکستان سے ہوگا، مینارِ پاکستان پر جلسہ ہوگا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جتنے بھی کیسز ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔

 
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ نے نگران وزیر داخلہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ  نواز شریف نے ایئرپورٹ سے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ وفاق کا فیصلہ نہیں ہوگا بلکہ یہ  نواز شریف اور عوام کا فیصلہ ہو گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی، نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے۔ نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کو کہا تھا کہ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں، آپ  نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پہ توجہ دیں۔

مصنف کے بارے میں