افواج پاکستان قومی سلامتی پالیسی کے وژن کے مطابق کردار ادا کریں گی، ترجمان پاک فوج

افواج پاکستان قومی سلامتی پالیسی کے وژن کے مطابق کردار ادا کریں گی، ترجمان پاک فوج
کیپشن: افواج پاکستان قومی سلامتی پالیسی کے وژن کے مطابق کردار ادا کریں گی، ترجمان پاک فوج
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی صورتحال دیکھتے ہوئے کر قومی سلامتی پالیسی تشکیل دی۔

نیشنل سکیورٹی پالیسی کی منظوری کے بعد پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق قومی سلامتی پالیسی کااجراءاہم سنگ میل ہے۔ پاکستان کی قومی سلامتی مضبوط بنانے میں پالیسی انتہائی اہم ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جامع فریم ورک، قومی سلامتی کے پہلوؤں پر باہمی روابط کو تسلیم کرتی ہے۔ قومی سلامتی پالیسی ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ناگزیر ہے۔ حکومت نے عالمی صورتحال دیکھتے ہوئے پالیسی تشکیل دی۔ افواج پاکستان قومی سلامتی پالیسی کے وژن کے مطابق کرداراداکریں گی۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے ایک تاریخی اقدام کے طور پر شہریوں پر مرکوز ملک کی پہلی جامع قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس کی بنیاد اقتصادی سلامتی پر مبنی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کے ہمراہ مشترکہ میڈیا بریفنگ میں کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے قومی سلامتی پالیسی (این ایس پی) کی توثیق کے بعد کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ میں اس کامیاب کوشش پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اگر کسی ملک کا قومی سلامتی کا وژن غیر واضح ہے تو اس کے تحت پالیسی بنانا بہت مشکل ہے۔