راہول گاندھی نے مودی کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا

راہول گاندھی نے مودی کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا

نئی دہلی:بھارت میں کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی نے ہندوستان کی شبیہہ کو داغدار کر دیا ہے، سرمایہ کاروں کو ملک بدر کر دیا ہے، نوجوانوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، دنیا پاکستان کی بجائے ہندوستان میں نفرت کے پرچار کی باتیں کر رہی ہے، مودی نے ہندوستان کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، ایک کروڑ لوگ ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو زنگ آلد کیا جا رہا ہے۔


بین الاقوامی میڈیا کے مطابق منگل کوکانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نےجے پور میں ”یوا آکروش“ معاشی و بے روز گاری کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جو ساکھ دنیا میں تھی وہ بھائی چارہ ، محبت اور اتحاد تھی جسے مودی نے برباد کر کے رکھ دیا ہے مودی سرکار پر تازہ حملہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ نریندر مودی نے ہندوستان کی شبیہہ کو داغدار کر دیا ہے۔

سرمایہ کاروں کو ملک بدر کر دیا گےا ہے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی آواز کو دبانے نہ دیں۔انہوں نے پاکستان پر کیچڑ اچھالتے ہوئے کہا کہ پاکستان نفرت اور تفرقہ بازی کے لئے دنیا بھر میں جانا جاتا تھا لیکن نریندر مودی کے اقدامات نے ہندوستان کے اس امیج کو نقصان پہنچا یا ہے ۔اب پاکستان کی بجائے دنیا بھر میں نفرت کے پرچار کے لئے ہندوستان پر گفتگو کی جا رہی ہے۔

آج ہندوستان کو دنیا کا عصمت دری کا دارالحکومت سمجھا جاتا ہے۔ اگر پرانے پیرامیٹرز پر غور کیا جائے تو ہندوستان کی شرح نمو مودی کے دور اقتدار سے پہلے 9فیصد تھی جو گھٹتے گھٹتے 2.5فیصد پر آ گئی ہے۔اتنی کم شرح نمو حکمرانوں کے لئے رونے کا مقام ہے ۔ راہول نے مزید کہا کہ مودی نے ہندوستان کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ ایک کروڑ لوگ ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو زنگ آلد کیا جا رہا ہے۔