معیشت کی بہتری کی کوششیں جاری ہیں، شرح سود میں مزید کمی کی توقع:وزیر خزانہ

معیشت کی بہتری کی کوششیں جاری ہیں، شرح سود میں مزید کمی کی توقع:وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا مرکزی مقصد معیشت کو مستحکم کرنا ہے اور اس حوالے سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق اس سال شرح سود میں مزید کمی کی توقع ہے، جس سے اقتصادی ترقی کے مواقع مزید بہتر ہوں گے۔

چین کے باؤ فورم میں بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ نئے بجٹ میں ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے پر زور دیا جائے گا، خصوصاً ریئل سٹیٹ، زراعت اور ریٹیل کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ ملکی برآمدات بڑھانے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے پر مرکوز ہے، تاکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فائدہ پہنچے اور برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ، مینوفیکچرنگ سیکٹر پر غیر ضروری ٹیکسز کا بوجھ کم کیا جائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور حکومت پاکستان چینی یوآن بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے حاصل ہونے والی آمدنی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔