رنگون:میانمار میں گزشتہ روز آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے نے وسیع پیمانے پر تباہی مچادی۔ زلزلے کے نتیجے میں اب تک 1002 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 2 ہزار 376 افراد زخمی ہیں۔ اس تباہی کی وجہ سے ماندالے اور رنگون جیسے بڑے شہروں میں عمارات اور مکان ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں، جس سے امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ کچھ افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس تباہ کن زلزلے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میانمار اور تھائی لینڈ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے ان کی جلد بحالی کے لیے دعائیں بھی کیں اور کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان اپنے برادر ممالک کے ساتھ ہے۔