سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر، فی تولہ 3 لاکھ 25 ہزار روپے تک پہنچ گئی

سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر، فی تولہ 3 لاکھ 25 ہزار روپے تک پہنچ گئی

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں مزید 10 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد عالمی سطح پر سونے کی نئی قیمت 3084 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق، امریکی اقدامات سے یورپ، کینیڈا، میکسیکو اور مغربی خطے میں تجارتی جنگ کے ماحول، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری رہنے، اور اہم عالمی کرنسیوں کی ڈی ویلیوایشن کے خدشات کے پیش نظر عالمی سطح پر سونے کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ 24 قیراط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت میں 1620 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح، فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1389 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 78 ہزار 635 روپے ہوگئی ہے۔

تاہم، سونے کی قیمت میں اضافے کے برعکس چاندی کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ ملک بھر میں فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کی کمی سے 3580 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 27 روپے کی کمی سے 3069 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی اور مقامی سطح پر معاشی بے یقینی کے باعث سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جس کے باعث اس کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔