اتحادیوں کیخلاف ختلافات کی افواہیں اڑانے والے ناکام ہوں گے، پرویز الہیٰ

اتحادیوں کیخلاف ختلافات کی افواہیں اڑانے والے ناکام ہوں گے، پرویز الہیٰ
کیپشن: بجٹ کی منظوری کے عمل میں حصہ لینے والے اراکین اسمبلی کا کردار قابلِ تحسین ہے، پرویز الہی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ تمام اتحادی ایک پیج پر ہیں اور اختلافات کی افواہیں اڑانے والے ناکام ہوں گے۔

چودھری پرویز الہیٰ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارا اتحاد عوامی مسائل کے حل کے لیے ہے، جو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگا۔ پنجاب اور مرکز میں تبدیلی کا خواب دیکھنے والوں کو کبھی تعبیر نہیں ملے گی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ صوبائی بجٹ منظور ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور تمام اتحادی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بجٹ کی منظوری کے عمل میں حصہ لینے والے اراکین اسمبلی کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) نے بطور اتحادی بجٹ کی منظوری میں مرکز اور پنجاب میں بھرپور حصہ لیا اور بطور اتحادی ساتھ دیا۔

دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی سے پاک پرتگال ایسوسی ایشن کے صدر محبوب احمد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، پاکستان اور پرتگال کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے آواز بلند کی اور ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو فوکس رکھا۔ ہمارا فوکس ہے کہ عوامی مسائل حل کرکے ان کے ریلیف کا بندوبست کیا جائے۔

وفد کے رہنما محبوب احمد نے سپیکر سے درخواست کی کہ پرتگال کے پاکستان میں ویزہ سیکشن کی بحالی کے لئے کردار ادا کریں۔ پرتگال اور پاکستان میں دہری شہریت کا معاملہ بھی بہت قریب پہنچ چکا ہے۔ سپیکر نے یقین دلایا کہ وہ اس ضمن میں متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔