اسلام آباد : پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (30 مارچ) کو منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے، جبکہ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے۔ چاند کے بارے میں حتمی فیصلہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔
ریسرچ رویت ہلال کونسل کے مطابق شوال کا چاند 29 مارچ کو 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پایا، اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی، جس کی بنا پر پاکستان میں چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عمان، شام، مسقط، اور ایران میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ان ممالک میں عید الفطر 31 مارچ (بروز پیر) کو ہوگی۔ اسی طرح انڈونیشیا، ملائیشیا، بنگلہ دیش، فلپائن، برونائی اور آئرلینڈ میں بھی عید الفطر 31 مارچ (بروز پیر) کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔