لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اور عیدالفطر کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر چاند رات پر بازاروں میں ویمن پولیس سکواڈ کے گشت کو بڑھانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ خواتین اور بچوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
لاہور کے 65 تجارتی مراکز پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے، اور بازاروں اور مارکیٹوں میں نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز شریف نے سماج دشمن عناصر کی آمدورفت کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
چاند رات پر روڈز پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے 55 مقامات پر پولیس ناکہ بندی کر کے تعینات کی گئی ہے۔ اسی طرح، اے ٹی ایم اور بینکوں کے اطراف میں 225 مقامات پر پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ غیر محفوظ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔