انگلینڈ نے کینگروز کو بچھاڑ دیا ، پاکستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ ؟

 انگلینڈ نے کینگروز کو بچھاڑ دیا ، پاکستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ ؟
سورس: فائل فوٹو

دبئی : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جاری ہے۔ ایونٹ کے 26 ویں میچ میں انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں آسٹریلیا کو شکست دے دی ہے۔ اس طرح انگلینڈ نے اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن مزید مضبوط کرلی ہے۔ آسٹریلیا کا گروپ بی میں رنر اپ رہنے کا امکان ہے جس کے بعد اس کا مقابلہ سیمی فائنل میں پاکستان کے ساتھ متوقع ہے۔ آسٹریلیا کو جنوبی افریقا سے رنر اپ پوزیشن چھیننے کے لیے اپنے آئندہ دونوں میچ بھاری مارجن سے جیتنا ہوں گے۔ 

دبئی میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ کا ٹاس انگلش کپتان اون مورگن نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا۔ انگلش ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی آسٹریلوی بلے بازوں کو دباؤ کا شکار رکھا  اور کسی کھلاڑی کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ 

ایرون فنچ 44 رنز کے علاوہ آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ آسٹریلوی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرتی رہیں اور تمام ٹیم 20 ویں اوورز کی آخری گیند پر 125 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔

انگلینڈ کی طرف سے کرس جارڈن نے تین ، کرس ووکس اور ٹی ملز نے دو دو ،لیونگ سٹون اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے  126 رنز کا آسان ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 12 ویں اوور میں حاصل کرلیا ۔ فتح کے ساتھ ہی انگلش ٹیم نے جیت کی ہیٹرک مکمل کرلی ہے اور اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے ۔ آسٹریلیا کا اس گروپ میں دوسرا نمبر ہے۔ 

پاکستان کا گروپ بی میں پہلا نمبر ہے اور پاکستان اپنے آئندہ میچ بھی جیت لیتا ہے تو گروپ میں ٹاپ پر رہے گا ۔  گروپ میں نمبرون ٹیم کا دوسرے گروپ کی رن اپ ٹیم سے مقابلہ ہوگا۔ اس طرح پاکستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ متوقع ہے۔ کیونکہ آسٹریلیا کے اپنے گروپ میں رن اپ رہنے کے امکانات ہیں۔