نیو ایئر نائٹ: لاہور میں تقاریب پر پابندی، کراچی میں دفعہ 144 نافذ

 نیو ایئر نائٹ: لاہور میں تقاریب پر پابندی، کراچی میں دفعہ 144 نافذ


لاہور: لاہور میں نیو ایئر نائٹ کی تقاریب کے انعقاد پر پابندی عائد کردی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر عابد کے مطابق ہوٹلز، شادی ہالز، فارم ہاؤسز اور چھتوں پر سالِ نو کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔محمد عابد خان کاکہنا ہے کہ اس حوالے سے پولیس اور انتظامیہ نے کسی کو این او سی جاری نہیں کیا۔

 
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ سالِ نو پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں گے۔ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ سوشل میڈیاکے ذریعے بھی ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کو واچ کیا جائے گا۔


دوسری جانب کراچی میں بھی  سال نو کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئےنوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

تمام چائے خانے ، ریسٹورنٹس ، پیٹرول پمپ رات 10 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، مرکزی شاہراہ پر 10 سے زائد افرادکے جمع  ہونے پر پابندی ہوگی, فائرنگ اور آتشبازی کرنے پر بھی پابندی ہو گی، نوٹیفیکشین کے مطابق فائرنگ واقعات میں جانی، سرکاری و نجی املاک کا نقصان ہوتا ہے۔