حکومتی اتحاد کا سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ پر عدم اعتماد ، کارروائی ختم کرنے کا مطالبہ 

حکومتی اتحاد کا سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ پر عدم اعتماد ، کارروائی ختم کرنے کا مطالبہ 
سورس: File

اسلام آباد: حکومتی اتحاد نے چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دِن انتخاب ہونے چاہئیں۔ یہ غیرجانبدارانہ، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کا بنیادی دستوری تقاضا ہے جس سے انحراف ملک کو تباہ کن سیاسی بحران میں مبتلا کردے گا ۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی اتحاد کی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 4/3 کے فیصلے کے بعد موجودہ عدالتی کارروائی کو ختم کیا جائے ۔ ایک ہی دن انتخابات نہ ہوئے تو یہ ملک کے معاشی مفادات پر خود کش حملے کے مترادف ہوگا۔ 

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال اقلیتی فیصلے کو اکثریتی فیصلے پر مسط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس نے آرٹیکل 63 اے کے معاملے پر تین رکنی فیصلے کو سیاسی عدم استحکام کاباعث قرار دیا۔ جس کے ذریعے آئین کو ری رائیٹ کیا گیا۔ مطالبہ کیاگیاکہ چیف جسٹس اور بعض دیگر ججوں سے متعلق یہ تاثر بھی ختم کیاجائے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے معاملے خصوصی امتیازی رویہ اپنا رہے ہیں۔