عوام کو سستی چینی اور اشیائے خور و نوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے:شہباز شریف

عوام کو سستی چینی اور اشیائے خور و نوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے:شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں چینی کی سپلائی اور قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور فئیر پرائس شاپس کے ذریعے عوام کو کم نرخوں پر چینی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ وہ مل کر عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر احسن اقبال، احد چیمہ، رانا تنویر حسین سمیت اعلیٰ حکومتی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی، جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔