'کپتان جواب کے بجائے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر رہے ہیں'

'کپتان جواب کے بجائے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر رہے ہیں'

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے روایتی انداز میں پاکستان تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ طارق فضل چودھری نے کہا عمران خان کی طرح ہم چھپتے نہیں آئین کی سربلندی چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے قوم کے سامنے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا اور ان کی تین نسلوں کا ٹرائل ہوا۔

انہوں نے کہا ہماری قیادت کے خلاف الزامات عائد کیے گئے اور ہم نے تکنیکی پہلوؤں کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہیں کی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت آئین و قانون کے تابع ہے۔ عمران خان جواب کے بجائے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے اسی الیکشن کمیشن کو جعلی کہا۔

اس موقع پر دانیال عزیز نے بات کرتے ہوئے کہا عمران خان صاحب بیرون ملک فنڈنگ کا کیس پاناما سے پہلے درج ہوا ہے۔ یہ کیس مسلم لیگ ن نے کیا ہے یا آپ کی اپنی جماعت کے لوگوں نے۔ کسی سیاست دان نے اسمبلی سے متعلق ایسی زبان استعمال نہیں کی جس طرح کی عمران خان نے کی۔ ان کا مزید کہنا تھا عمران خان بار بار کہتے ہیں انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

عمران نے آن ریکارڈ کہا کہ انہوں نے ہنڈی کے زریعے رقم منگوائی ہے۔ بیرون ملک فنڈنگ کے بارے میں یہ لوگ جواب نہیں دیتے۔ ان کے گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی۔ انہیں ایک ایک چیز کا پتا ہے اور آج انہوں نے الیکشن کمیشن کے سامنےڈرامے کیے ہیں جبکہ 2 سال اسی طرح کے ڈرامے کرنے میں گزار دیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں