قوم دیکھے گی مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہو گی، مشیر خزانہ

قوم دیکھے گی مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہو گی، مشیر خزانہ
کیپشن: آئی ایم ایف اقتصادی اصلاحات میں مدد دے رہا ہے، مشیر خزانہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں اور قوم دیکھے گی مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان قرض پروگرام جاری ہے جس کے تحت آئی ایم ایف پاکستان کو 6 ارب ڈالرز دے رہا ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف اقتصادی اصلاحات میں مدد دے رہا ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کا آغاز ہو گیا ہے۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ملکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہوئی ہے اور افراط زر پر قابو پانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے گندم درآمد کر رہے ہیں، حکومت بجلی صارفین کو سبسڈی دے رہی ہے اور تقریباً 72 فیصد صارفین سبسڈی حاصل کر رہے ہیں، حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 7 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دے دی جب کہ سبزیوں کے داموں میں سیزن کی تبدیلیوں سے اضافہ ہوا۔

مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک سے کوئی قرض نہیں لیا اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کئی فیصلے کیے ہیں، حکومت نے اپنے غیر ضروری اخراجات میں کمی کی ہے، قوم دیکھے گی مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہوگی۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی ہے، پوری دنیا سے پاکستان میں سرمایہ کاری آرہی ہے، پاکستان میں ڈالر کی قدر میں استحکام آیا ہے۔