پاکستان دہشتگرد تنظیم ٹی ٹی پی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا: ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان دہشتگرد تنظیم ٹی ٹی پی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد :ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگرد تنظیم  ٹی ٹی پی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا۔اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگرد تنظیم  ٹی ٹی پی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا۔

بشام میں چینی باشندوں پر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اس معاملے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کررہے ہیں، جونہی تحقیقات مکمل ہو جائیں گی میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ داسو حملے کے بعد چین کے ایک سکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، اس وفد کی سربراہی چین کی وزارت خارجہ نے کی ، اس دورے کا مقصد چین کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان کا دہشتگردی کے حوالے سے مؤقف واضح ہے ، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کو ختم کرنے کا خواہاں ہے، اگر افغانستان اس حملے میں ملوث پایا گیا تو پاکستان یہ معاملہ انکے ساتھ اٹھائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ چین کے حوالے سے اب تک تاریخوں پر فیصلہ نہیں ہوا۔

پاک ایران تعلقات کے حوالے سے ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان اور ایران نے تمام باہمی رابطہ چینلز کو بحال کر لیا ہے، تجارت کے حوالے سے پاکستان اور ایران میں گہرا تعاون ہے۔

مصنف کے بارے میں