واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جن ممالک کو ٹیرف سے خدشات ہیں، انہیں امریکا میں فیکٹریاں لگانے کی صورت میں کوئی ٹیرف نہیں دینا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی ملک اچھی پیشکش کرے تو امریکا ٹیرف پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
ٹرمپ نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ اگر ٹک ٹاک معاہدہ منظور ہو جاتا ہے تو چین کو ٹیرف میں ریلیف دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹک ٹاک معاہدے کے بہت قریب ہیں اور اس پر جلد فیصلے کی توقع رکھتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے عالمی امن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا میں امن چاہتے ہیں اور روس اور یوکرین کے درمیان بات چیت کی جانب پیش رفت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حوثی حملے جاری ہیں اور ایران ان کی مدد کر رہا ہے، جس کے بارے میں انہیں مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔
ٹرمپ نے غزہ اور اسرائیل کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ جب وہ اس معاملے میں شامل ہوئے تو مغویوں کی رہائی ممکن ہوئی۔ اس کے علاوہ، ایلون مسک کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ چند ماہ میں حکومتی مشاورتی کردار چھوڑ سکتے ہیں، تاہم مسک کے بعد بھی حکومتی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔