آسٹریلیا کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کی دوستی کو فروغ ملے گا: نک ہاکلے

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کی دوستی کو فروغ ملے گا: نک ہاکلے

راولپنڈی: کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نک ہاکلے نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج ایک تاریخی دن ہے اور اس سیریز سے دونوں ممالک کی دوستی کو فروغ ملے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) فیصل حسنین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نکل ہاکلے نے آج کے دن کو تاریخی قرار دیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج تاریخی دن ہے جس کیلئے ہم نے انتھک کام کیا، پاکستان میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا تاریخی استقبال کیا گیا جس پر میں پی سی بی اور پاکستان میں کرکٹ مداحوں کا بے حد مشکور ہوں۔ 
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ایسوسی ایشن نے بھی انتھک محنت کی ہے اور اس دورے سے پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کو ناصرف فروغ ملا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو بھی فروغ ملے گا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 مارچ سے 8 مارچ تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا اور دوسرا میچ 12 سے 16 مارچ تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 21 سے 25 مارچ تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے بعد 29 مارچ سے تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز ہو گا جس کا دوسرا میچ 31 مارچ اور تیسرا میچ 2 اپریل کو ہو گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی 20 میچ 5 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ 

مصنف کے بارے میں