وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی پشاور دھماکے کی مذمت 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی پشاور دھماکے کی مذمت 

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کوچہ رسالدار مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کوچہ رسالدار مسجد میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ 
انہوں نے صوبائی کابینہ کے اراکین بیرسٹر محمد علی سیف اور کامران بنگش کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے اور امدادی کارروائیوں کیساتھ ساتھ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی جبکہ آئی جی پی سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ 
ان کا کہنا ہے کہ عبادت گاہ میں نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ظالمانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ پشاور کے قصہ خوانی بازار میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 30 افراد شہید اور 50 زخمی ہو چکے ہیں۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو کا آپریشن جاری ہے اور جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے مطابق خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچا گیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 50 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ 

مصنف کے بارے میں