بیجنگ: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات سے قبل صدر آصف زرداری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ عظیم عوامی ایوان میں آمد پر چینی صدر شی جن پنگ نے گرمجوشی سے استقبال کیا، جبکہ چینی بچوں کے ایک گروپ نے بھی صدر پاکستان کا شاندار خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی، اقتصادی شراکت داری اور سی پیک کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر زرداری نے چین کے ساتھ سدابہار تزویراتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور پاک چین تعلقات کو آزمودہ اور خصوصی قرار دیا۔
صدر مملکت نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) 2.0 کے اعلیٰ معیار کی ترقی پر بھی گفتگو کی۔ اعلامیے کے مطابق، سی پیک سے علاقائی روابط، مشترکہ فوائد اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہوگا۔
ملاقات کے بعد سائنس و ٹیکنالوجی، میڈیا، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
بعد ازاں، چینی صدر شی جن پنگ نے صدر آصف علی زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔
صدر زرداری نے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی عوام انہیں ایک وژنری رہنما اور قریبی دوست کے طور پر دیکھتے ہیں۔