’حوصلہ نہیں ہے آپ میں عمران خان کے مقابلے کا‘

’حوصلہ نہیں ہے آپ میں عمران خان کے مقابلے کا‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءاور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں عمران خان کے مقابلے کا حوصلہ نہیں ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے پی ڈی ایم کی جانب سے ہفتے کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی ابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ’سنا ہے پی ڈی ایم نے کل کے اجلاس سے دوڑ لگا دی ہے، اتنی تیزی کی بھاگنے میں کہ جوتے بھی نہیں پہنے۔۔۔ حوصلہ نہیں ہے آپ میں عمران خان کے مقابلے کا۔‘ 


واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی ناکامی اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ 
صدر مملکت عارف علوی نے اس مقصد کیلئے ہفتے کے روز سوا بارہ بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے جس کیلئے حکومتی جماعت نے تمام تر حکمت عملی بھی مکمل کر لی ہے تاہم پی ڈی ایم نے مشترکہ طور پر اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا جس کا باقاعدہ اعلان جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کیا۔