مریم نواز سے کورین سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

مریم نواز سے کورین سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جمہویہ کوریا کے سفیر پارک کیجن نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی اشتراک کارک پر اتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

کورین سفیر پارک کیجن نے مریم نواز کو پہلی بار خاتون وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی کیلئے کوریا کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، الیکٹرانکس، آٹوموبائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کوریا کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور مائننگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا وسیع پوٹینشل موجود ہے، کوریا کے ساتھ دو طرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہونا چاہیے، جنوبی کوریا کو پنجاب میں آٹوموبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے معاونت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویون کاٹن اور کاٹن یارن ٹیکسٹائل سیکٹر میں کوریا کو برآمدات کے مواقع موجود ہیں، جدید زراعت اور پیداواری صلاحیت بڑھانے میں کوریا سے تعاون کے فروغ کی ضرورت ہے۔

مصنف کے بارے میں