بہتر مستقبل کی تلاش، عمر اکمل امریکہ چلے گئے

بہتر مستقبل کی تلاش، عمر اکمل امریکہ چلے گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل بہتر مستقبل کی تلاش میں امریکہ روانہ ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنے مداحوں سے ہمیشہ کی طرح دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی ہے۔

عمر اکمل نے یہ انکشاف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے کیا اور لکھا ’میں کچھ ذاتی ملاقاتوں کیلئے امریکہ روانہ ہو رہا ہوں، اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو مجھے کچھ عرصہ کیلئے امریکہ میں ہی رہنا ہو گا! مجھے اپنے مداحوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے جیسا کہ وہ ہمیشہ میرے لئے کرتے ہیں۔‘

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل امریکہ میں قیام کے دوران میچز بھی کھیلیں گے جبکہ وہ ایک اور پاکستانی کرکٹر سمیع اسلم کی طرح طویل مدتی کنٹریکٹس کیلئے بھی تیار ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمر اکمل 2020ءمیں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے منتخب نہیں ہوئے تھے جس کے بعد ہی انہوں نے امریکہ روانہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں سیزن کی قائداعظم ٹرافی کیلئے حتمی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہونے پر ہی وطن واپسی سے متعلق سوچیں گے۔ وہ حال ہی میں کرکٹ ایسوسی ایشن ٹی 20 کیلئے سینٹرل پنجاب کی سیکنڈ الیون میں منتخب کئے گئے تھے تاہم 5 اننگز میں وہ محض 66 رنز ہی بنا سکے تھے۔