پولیس بلوچ مظاہرین کو ہراساں نہ کرے، ڈسپوزایبل واش رومز تیار کرائے جائیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکمنامہ جاری

پولیس بلوچ مظاہرین کو ہراساں نہ کرے، ڈسپوزایبل واش رومز تیار کرائے جائیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکمنامہ جاری
سورس: file

اسلام آباد: ‏اسلام آباد ہائیکورٹ  نے چیئرمین سی ڈی اے کو بلوچ مظاہرین کے لیے ڈسپوزایبل واش رومز تیار کرنے کا حکم دے دیا ۔

‏اسلام آباد ہائی کورٹ  نے بلوچ لاپتہ افراد کے دھرنے پر بیٹھے اہل خانہ کو ہراساں نہ کرنے کے لیے دائر درخواست پر گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری  کر دیا ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے  تین صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا۔

حکمنامے میں  عدالت نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے  نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنے پر بیٹھے بلوچ مظاہرین کے لیے ڈسپوزایبل واش رومز تیار کرائیں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کسی صورت بلوچ مظاہرین کو ہراساں نہ کرے۔

حکمنامے میں کیا گیا کہ بلوچ مظاہرین یقین دہانی بھی کرائیں کہ وہ قانون کی خلاف ورزی نہیں کریں گے ،  بلوچ مظاہرین لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے پہلے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری حکمنامےمیں کہا گیا کہ ہر شہری کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اکٹھے ہونے اور احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے ، احتجاج سے دیگر شہریوں کے حقوق اور ان کی نقل و حرکت متاثر ہو یا شہریوں کی املاک کو خطرہ ہو تو انتظامیہ مداخلت کر سکتی ہے، سماعت 19 جنوری تک ملتوی  کر دی  گئی ۔

مصنف کے بارے میں