وزیراعظم لاک ڈاؤن کے نقصانات سے مکمل آگاہ ہیں، وزیر داخلہ اعجاز شاہ

وزیراعظم لاک ڈاؤن کے نقصانات سے مکمل آگاہ ہیں، وزیر داخلہ اعجاز شاہ
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں کورونا وائرس عروج پر ہوگا، عوام کو حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔ وزیراعظم لاک ڈاؤن کے نقصانات سے مکمل آگاہ ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کو اپنے عوام کی بہت فکر ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے زیادہ غربت کا ڈر ہے۔ ٹائیگرز قومی فرض سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور وزیراعظم کی توقعات پر پورا اتریں۔ ان کا کردار مکمل طور پر غیر سیاسی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 نکاتی ایجنڈا علما کی مشاورت سے طے کیا گیا، وہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ تمام تہواروں پر حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ ضلعی افسران بلا امتیاز حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ امیر لوگ چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن جاری رہے جبکہ بھوک اور ضرورت کا ستایا اس میں نرمی چاہتا ہے۔ کل لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کااعلان کیا جا سکتا ہے۔ قوم سے درخواست ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات پر مکمل عملدرآمد کریں۔