لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کو مل کر کامیاب بنائیں گے اور اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم کی تعمیر نو اور جدید سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 2500 مزدوروں نے شب و روز محنت کر کے اسٹیڈیم کو ریکارڈ 177 دن میں مکمل کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ ایک بڑا پروجیکٹ تھا، جسے مقررہ وقت میں مکمل کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ "پنجاب حکومت، پاک فوج اور ایف ڈبلیو او کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ مزدوروں نے دن رات کام کیا، کئی کئی مہینے اپنے گھروں سے دور رہ کر محنت کی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہاں پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا نیا ہیڈ کوارٹر بھی بنایا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا باضابطہ آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا، جبکہ کچھ میچز متحدہ عرب امارات میں بھی کھیلے جائیں گے۔ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث بھارت کے تمام میچز دبئی میں ہوں گے۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کی روایتی ٹکر 23 فروری کو دبئی میں ہوگی۔ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا اور اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو وہ میچ پاکستان میں نہیں بلکہ دبئی میں کھیلا جائے گا۔