وزیراعظم نے علیم خان کو منانے کی ذمہ داری گورنر سندھ کو سونپ دی 

وزیراعظم نے علیم خان کو منانے کی ذمہ داری گورنر سندھ کو سونپ دی 

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبے کا بل قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم اعتماد والے شوق پورا کر لیں، ہماری تیاری مکمل ہے۔ وزیراعظم نے گورنر سندھ کو علیم خان کو منانے کی ذمہ داری بھی سونپی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخواہ، گورنر سندھ، گورنر پنجاب، وفاقی وزراءشاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، بابراعوان اور دیگر کور کمیٹی ممبران شریک ہوئے۔ 
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابراعوان نے اجلاس کے شرکاءکو قانونی امور پر بریفنگ دی جبکہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے خلاف حکمت عملی پر مشاورت بھی کی گئی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکاءکو ناراض حکومتی رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں پر بریفنگ دی گئی اور جہانگیر ترین اور علیم خان کے مجوزہ اتحاد پر بھی غور کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ علیم خان کیساتھ رابطے میں ہوں۔ 
وزیراعظم نے پرویز خٹک اور عمران اسماعیل کو ناراض حکومتی ارکان سے رابطوں کی ہدایت بھی کی جس کے باعث گورنر سندھ عمران اسماعیل لاہور کا ہنگامی دورہ کریں گے اور آج ہی علیم خان سے ملاقات کریں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ے کہ پارٹی کے سینئر رہنماﺅں نے وزیراعظم کو ناراض ارکان سے خود رابطہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ علیم خان اور جہانگیر ترین سے خود رابطہ کریں۔ 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اجلاس کے دوران پراعتماد نظر آئے جنہوں نے جنوبی پنجاب صوبے کا بل قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کا ایجنڈا ناکام بنا دیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد والے شوق پورا کر لیں ہماری تیاری مکمل ہے ، جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جن کے مقدموں کو خطرہ ہے وہ لوٹی دولت کے ذریعے انقلاب نہیں لاسکتے۔ 

مصنف کے بارے میں