’کوئی اور فرنچائز اعظم خان کو لینا چاہتے تو خرید لے‘

’کوئی اور فرنچائز اعظم خان کو لینا چاہتے تو خرید لے‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کو پی ایس ایل 7 کیلئے کوئی اور فرنچائز لینا چاہے تو خرید لے۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر نے کہا کہ میں بھی معین خان کی طرح یہی سمجھتا ہوں کہ اعظم خان کو وکٹ کیپنگ بھی کرنی چاہیے، اس مرتبہ اگر کوئی فرنچائز انہیں بطور وکٹ کیپر لینا چاہے تو لے سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ رہ کر کہیں اعظم خان کا کیپنگ کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو جائے، ان میں پاکستان کی نمائندگی کی صلاحیت موجود ہے لہٰذا ہم چاہیں گے کہ اگر کسی اور فرنچائز کی ان کو کیپنگ اور بیٹنگ کرانے میں دلچسپی ہو تو وہ انہیں لے سکتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر سرفراز احمد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان میری غیر مشروط حمایت حاصل ہے، میں انہیں بچپن سے جانتا ہوں، وہ اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کے ستارے کچھ عرصے سے گردش میں ہیں تاہم ہمیں یقین ہے کہ وہ اس سیزن میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر کو ہوگی جبکہ میگا ایونٹ کا آغاز آئندہ سال 27 جنوری سے کراچی میں ہوگا اور پہلا میچ دفاعی چیمپین ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔