رشتہ داروں کو وزارتیں دینا گناہ ہے نہ موروثی سیاست، وزیراعظم کا بارش متاثرین کو پیکج دینا قابل تعریف ہے: علی امین گنڈا پور

رشتہ داروں کو وزارتیں دینا گناہ ہے نہ موروثی سیاست، وزیراعظم کا بارش متاثرین کو پیکج دینا قابل تعریف ہے: علی امین گنڈا پور

پشاور : وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو 10ہزار روپے دینے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ہمارے صوبے میں بارش متاثرین کو پیکیج دینا اچھی بات ہے، رشتے داروں کو وزارتیں دینا گناہ تو نہیں۔ یہ موروثی سیاست نہیں۔

 پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں، عوام کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یکم رمضان سے صحت کارڈ بحال ہوجائے گا، رمضان میں عوام کو ریلیف دیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احساس پروگرام میں مزید ایک لاکھ 15 ہزار مستحق افراد کو شامل کیا ہے، رمضان کے دوران ہسپتالوں میں سحری اور افطار دسترخوان شروع کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بغیر سود کے قرضے اور گرانٹ دیں گے، وفاق کی جانب 1500 ارب روپے بقایا ہیں، یہ ہمارا حق ہے، ہمیں اپنے پیسے ملنے چاہئیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر وفاق بروقت پیسے دیتے تو ہم لوگوں کو روزگار دیں گے، اپنا حق عاجزی کے ساتھ مانگ رہے ہیں، مزید کہا کہ جائز نا جائز طریقہ سے صوبے کا حق لے کر رہیں گے۔ہم وفاق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن رکھیں گے، ان کے ساتھ بیٹھیں گے، ہماری معاشی ٹیم ان کے ساتھ بیٹھ کر معاملات دیکھے گی، ڈنڈے کے زور پر نہیں عاجزی کے ساتھ ان کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کسی سے یہ نا سنوں کہ کرپشن ہورہی ہے، عوام خود کرپشن کے سامنے کھڑے ہوجائیں، میں ساتھ دوں گا۔ جہاں جہاں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، عوام بھی اسی کام کا جائزہ لے۔

ان کا کہنا تھا کہ افطاری اور سحری کے وقت میں بجلی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ بجلی کے لائن لاسز کو جلد ختم کریں گے۔ پیسکو حکام کو بتایا ہے کہ غریب سے نہیں پہلے امیر سے شروع کیا جائے۔