کرک میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، علی امین گنڈا پور کا پولیس کو شاباش

 کرک میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، علی امین گنڈا پور کا پولیس کو شاباش

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرک پولیس نے دہشت گردوں کے حملے کو بہادری سے پسپا کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز دہشت گردی کے خلاف ہمت اور حوصلے سے برسرپیکار ہیں۔


وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ فورس کو جدید اسلحہ اور دیگر ضروری آلات فراہم کیے جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ تربیت کے لیے نئے سینٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔


علی امین گنڈا پور نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور سیکیورٹی گارڈ کے لیے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔


واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے اضلاع کرک اور پشاور میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہو گئے تھے۔
گزشتہ روز لکی مروت اور بنوں میں چار مختلف پولیس اسٹیشنوں پر دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیے گئے، جن میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔