وزیراعظم فردوس عاشق اعوان کی سیاسی بصیرت کے معترف

وزیراعظم فردوس عاشق اعوان کی سیاسی بصیرت کے معترف
سورس: فائل فوٹو

لاہور: رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی گورنر ہاؤس لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ۔وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ الیکشن میں کامیابی پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو شاباش اور مبارکباد دی ۔

 نیو نیوز کے مطابق ذرائع  کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سیاسی بصیرت کی تعریف کی ۔وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وفاق میں خدمات لینے کا عندیہ دیا ۔

رفردوس عاشق اعوان جلد اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی ۔وزیراعظم عمران خان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے جلد فیصلہ کریں گے۔

قبل ازیں سابق معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ۔ وہ احسن سلیم بریار کی حلف برداری کے موقع پر اسمبلی آئی تھیں ۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پہلے وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی ہونے کے ناطے اندر جانے کی اجازت تھی ۔ اب نہ میں معاون خصوصی ہوں اور نا ہی ممبر اسمبلی ہوں ۔ جس کام کے لیے آئی تھی وہ ہو چکا ہے میں لیٹ تھی اس لیے فہرست میں شامل نام کاٹ دیا گیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی میں داخلے کی اجازت دینا اسپیکر پنجاب اسمبلی کا استحقاق ہے ۔ بعد میں دیکھوں گی کس نے روکا ہے مجھے اندر جانے سے ۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مجھے نئی ذمہ داری دینے کا وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے فیصلہ کرنا ہے ۔ میں بطور پارٹی ورکر کام کروں گی ۔