وزیراعظم کی یو اے ای قیادت، عالمی رہنماؤں اور سی ای اوز سے اہم ملاقاتیں متوقع

وزیراعظم کی یو اے ای قیادت، عالمی رہنماؤں اور سی ای اوز سے اہم ملاقاتیں متوقع

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 10 اور 11 فروری کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ دبئی میں ہونے والے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کریں گے۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق، عالمی رہنماؤں، پالیسی سازوں اور ماہرین کے اس اجلاس میں وزیراعظم کلیدی خطاب کریں گے، جس میں وہ ملکی معیشت، ڈیجیٹل ترقی اور حکومتی اصلاحات پر روشنی ڈالیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔