جدید ترین عجیب و غریب ایجادات

سی ای ایس 2017 میں رکھی گئی کچھ ایسی مصنوعات کا احوال جو جدید ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی عجیب و غریب بھی ہیں۔

جدید ترین عجیب و غریب ایجادات

لاس ویگاس: سی ای ایس 2017 میں رکھی گئی کچھ ایسی مصنوعات کا احوال جو جدید ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی عجیب و غریب بھی ہیں۔

جدید مصنوعات اور ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی سالانہ نمائش ’’کنزیومر الیکٹرونکس شو‘‘ امریکی شہر لاس ویگاس میں پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ یوں تو اس نمائش میں دنیا بھر سے ہزاروں نت نئی مصنوعات رکھی گئی ہیں مگر ان میں سے کچھ جدت اور انفرادیت کے تقاضوں پر ایک ساتھ پوری اترتی ہیں۔

فون پر بے آواز گفتگو:’’ہش می‘‘ (Hushme) کہلانے والے اس آلے کو ہیڈ فون کے بجائے ماؤتھ پیس کہنا چاہئے جسے منہ پر پٹی کی طرح باندھا جاتا ہے البتہ پٹی کے اندرونی حصے میں اتنی گنجائش ہوتی ہے کہ بات چیت کرنے کےلئے ہونٹ ہلائے جاسکتے ہیں۔

اس کا مقصد لوگوں کو اس طرح سے فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے کہ دوسرے ان کی آواز نہ سن سکیں کیونکہ ’’ہش می‘‘ کو خاص طور پر اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ بولنے والے کی آواز اس سے باہر نہ جاسکے اور آس پاس بیٹھے لوگوں کے کام میں خلل نہ پڑے۔ فی الحال یہ ایک پروٹوٹائپ کی شکل میں ہے جسے سی ای ایس میں رکھنے کا مقصد تجارتی پیمانے پر اس کی تیاری کےلئے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنا ہے۔

سمجھدار کنگھا: اس ذہین کنگھے کا نام کیراسٹیز ہیئر کوچ رکھا گیا ہے جس کے اندر ایک حساس مائیکروفون نصب ہے جو اسے بالوں میں پھیرتے دوران رگڑ سے پیدا ہونے والی آوازیں سنتا ہے۔ ان آوازوں کی مدد سے یہ آپ کے بالوں، سر کی کھال اور ارد گرد کے ماحول سے واقفیت حاصل کرتا ہے اور صحیح طرح سے ہیئر برش کرنے کےلئے آپ کی رہنمائی بھی کرتا ہے۔

اس کی قیمت صرف 200 ڈالر رکھی گئی ہے۔

بدبو خارج کرکے جگانے والی گھڑی:

150 ڈالر میں فروخت کےلئے رکھی گئی یہ گھڑی الارم کے وقت پر گھنٹی نہیں بجاتی بلکہ تیز بدبو خارج کرنے لگتی ہے جو سوتے ہوئے کو جاگنے پر مجبور کردیتی ہے۔ یہ گھڑی سینسرویک اوریا نامی کمپنی نے تیار کی ہے جبکہ مصنوعی لیکن بے ضرر بدبو کا پیٹنٹ بھی اسی کمپنی کے نام ہے۔

مخملی احساس والی ٹچ اسکرین: 

یہ ایک خاص ٹچ اسکرین ہے جسے چھونے والے کو یوں لگتا ہے جیسے اس نے شیشے سے بنی ٹچ اسکرین نہیں بلکہ کسی مخملی کپڑے کو چھو لیا ہو۔ اندازہ ہے کہ ’’ٹینواس‘‘ نامی اس ٹچ اسکرین میں مخمل جیسے احساس کےلئے بالائی شیشے میں معمولی سی تھرتھراہٹ پیدا کی جاتی ہے جو ہماری حسیات کو یہ دھوکے میں مبتلا کریتی ہیں اور ہم یہ سمجھنے لگتے ہیں جیسے ہم نے ریشم یا مخمل کی سطح چھو لی ہے۔ ابھی صرف اس کا پروٹوٹائپ ہی پیش کیا گیا ہے اس لئے قیمت نہیں بتائی گئی۔

بلیو ٹوتھ ٹوسٹر:

گرفن ٹیکنالوجی کا بنایا ہوا یہ ٹوسٹر بلیو ٹوتھ کے ذریعے آپ کے اسمارٹ فون سے رابطے میں رہتا ہے اور دی گئی ہدایات پر اپنے اندر رکھے ہوئے ٹوسٹس کو کم یا زیادہ سینکتا ہے۔ اسے صرف 100 ڈالر میں خریدا جاسکتا ہے۔