Get Alerts

پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اب پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، مہنگائی میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافے جیسے اقتصادی اشاریے واضح طور پر بہتری کی نشاندہی کرتے ہیں۔ محصولات کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔

وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں اہم عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں، جن کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے تعاون حاصل کرنا تھا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات میں  وزیرخزانہ  نے پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے جزوی کریڈٹ گارنٹی کی درخواست پیش کی۔ ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی بجٹ معاونت اور پاکستان کے ساتھ کنٹری پارٹنرشپ کو بھی سراہا گیا۔

محمد اورنگزیب نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی ٹیم سے بھی ملاقات کی، جس میں حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اقتصادی اشاریوں میں بہتری پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ نے امریکی انتظامیہ کے ساتھ بھی ٹیرف سے متعلق امور پر تعمیری بات چیت کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اقتصادی ڈھانچے میں بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور بیرونی قرضوں پر انحصار کم کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت اثرات آنا شروع ہو چکے ہیں۔

ٹیگز: