Get Alerts

پاکستان معاشی استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، محمد اورنگزیب

 پاکستان معاشی استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، محمد اورنگزیب

اسلام آباد : پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام حاصل کرنے کے بعد اب برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک اہم معاشی موڑ پر پہنچ چکا ہے اور اس کے مستقبل کی ترقی برآمدات پر مرکوز ہوگی۔

امریکی جریدے "یو ایس اے ٹوڈے" کے ساتھ انٹرویو میں وزیر خزانہ نے پالیسیوں میں تسلسل کے نتیجے میں ملکی اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اعتماد کے باعث پاکستان نے کئی سالوں بعد پرائمری بجٹ سرپلس اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر 14.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں، جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق حکومت معاشی ماڈل کو کھپت پر مبنی سے برآمدات پر مبنی ماڈل میں منتقل کر رہی ہے، جس سے ملک کی اقتصادی پوزیشن مضبوط ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی برآمدات 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر آئندہ پانچ سالوں میں دوگنا ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری اور ٹیرف اصلاحات پاکستان کی عالمی منڈی میں مسابقت کو بڑھا دیں گی۔

وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے "ایسٹ ایشیا مومنٹ" کے تصور کا بھی ذکر کیا جو برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے خواتین کی تعلیم اور لیبر فورس میں شمولیت کو معاشی ترقی کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔

انٹرویو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان زراعت، معدنیات اور ڈیجیٹل معیشت کو سرمایہ کاری کے ترجیحی شعبے قرار دے رہا ہے۔ ٹیتھیان کاپر بیلٹ جیسے منصوبے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں، اور پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، جو بحرانوں سے نکل کر اب مواقع کی معیشت میں تبدیل ہو رہا ہے۔

ٹیگز: