پاکستان کبھی بھی امریکا کو ایئربیس فراہم نہیں کرے گا ،وزیر تعلیم شفقت محمود

پاکستان کبھی بھی امریکا کو ایئربیس فراہم نہیں کرے گا ،وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ نے امریکی افواج کو پاکستانی ایئر بیس دینے کی افواہ کے بارے میں کئی بار وضاحت پیش کی ہے، پاکستان کبھی بھی امریکا کو کوئی ایئر بیس فراہم نہیں کرے گا اور یہی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا حتمی فیصلہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ریلوے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے، ریلوے سسٹم کی اپ گریڈیشن کے بعد مستقبل میں حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے، پاکستان کبھی بھی امریکہ کو کوئی ایئربیس فراہم نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹرین حادثے پر حزب اختلاف کی تنقید غیر ضروری ہے کیونکہ اس طرح کے حادثات اور سانحات سابقہ حکومتوں کے دوران بھی پیش آتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے زخموں پر مرحم رکھنے اور زخمی ہونے والے اور دیگر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کرنے کا ہے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن ٹرین حادثے پر بھی سیاست کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے سسٹم کی اپ گریڈیشن کے بعد مستقبل میں اس طرح کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے تاہم ریلوے نظام کی بحالی و بہتری کے لئے تمام صوبائی حکومتوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کو بجٹ کا ایک بڑا حصہ دیا جاتا ہے، ہمیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وفاقی حکومت سے ہر قسم کی سہولیات اور بجٹ حاصل کرنے کے باوجود سندھ کی صوبائی حکومت نے سندھ کی عوام کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کبھی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔