بارش ہوئی نہ سری لنکا جیتا، پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا تقریباً ناممکن ہوگیا

بارش ہوئی نہ سری لنکا جیتا، پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا تقریباً ناممکن ہوگیا

بنگلورو: ورلڈ کپ کے اہم میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی روشن کرلیے ہیں جبکہ کیویز کی فتح کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی تقریباً ناممکن ہوگئی ہے۔ پاکستان کو اب ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنے کیلئے انگلینڈ کو 287رنز سے ہرانا ہوگا  اگر انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرے تو پاکستان کو ہدف 16 گیندوں پر حاصل کرنا ہوگا جو کہ تقریباً ناممکن ہے۔ 

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دے دیا جسے نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوورز میں پورا کرلیا۔ 

قبل ازیں بنگلورو کے ایم چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر پاتھم نسانکا 2، کپتان کوشل مینڈس 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں چارتھ اسالنکا 8، اینجلو میتھیوز 16، دھننجایا ڈی سلوا 19، چمیکا کرونارتنے 6 اور سدیرا سمارا وکرما اور چمیرا ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آئی لینڈرز کی جانب سے کوشل پریرا سب سے زیادہ 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دسویں وکٹ کی شراکت میں مہیش تھیکشنا اور دلشان مدھوشانکا نے 43 رنز کی شراکت قائم کی تاہم مدھوشانکا وکٹ گنوا بیٹھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3، مچل سینٹنر، راچن رویندرا اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔