خودمختار افغانستان کیلئے ہرممکن تعاون کرینگے، آرمی چیف

خودمختار افغانستان کیلئے ہرممکن تعاون کرینگے، آرمی چیف


کابل: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے دورے کے دوران صدر اشرف غنی اور ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کی ہے جس میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخارنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچے جہاں ان کی ملاقات اشرف غنی اور ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ سے ہوئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان امور سفیر محمد صادق بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ آرمی چیف کے دورے کے دوران ملاقاتوں میں افغان امن عمل پر پیش رفت پر غور کیا گیا جبکہ افغان قیادت میں امن عمل میں سہولت دینے کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے افغان قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران تجارت اور روابط بڑھانے میں سہولت دینے کے اموربھی زیر غور آئے۔ملاقاتوں کے دوران اتفاق کیا گیا کہ پاکستان سے مقررہ وقت میں افغان مہاجرین کی باعزت واپسی حالت معمول میں لانے کا اہم ذریعہ ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے ٹویٹ میں بتایا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طورخم اور چمن سرحدیں تجارتی مقاصد کے لیے کھولنے پر وزیر اعظم پاکستان کی تعریف کی جبکہ افغان صدر نے پھنسے افغان باشندوں کی واپسی کے لیے زمینی اور فضائی راستہ کھولنے کو بھی سراہا اور امن عمل کے لیے پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔