پورے ملک میں احتجاج کی کال،سڑکیں بلاک ،فضل الرحمن کا حکومت کیخلاف اعلان جنگ

پورے ملک میں احتجاج کی کال،سڑکیں بلاک ،فضل الرحمن کا حکومت کیخلاف اعلان جنگ

اسلام آباد:انصار الاسلام کے کارکنوں کی گرفتار ی کےبعد مولانا فضل الرحمن نے پورے ملک سے کارکنان کو اسلام آباد پہنچنے کی کال دیدی،فضل الرحمن نے کہا اگر کوئی بھی اسلام آباد نہیں پہنچ سکتا تو وہ اپنے اپنے شہر میں احتجاج کریں ۔

پارلیمنٹ میں موجود انصار اسلام کے کارکنوں پر حملے کے بعد مولانا فضل الرحمن نے پورے ملک سے کارکنان کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت جاری کر دیں ،پارلیمنٹ لاجز میں موجود انصار الاسلام کے کارکنان کیخلاف پولیس کی کاروائی کے بعد حالات بے قابو ہو گئے ،پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے انصار الاسلام کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا ۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا  تھا کہ اسلام آباد کی پولیس ہمارے ایم این ایز کو اغواء کرنا چاہتی ہے جن کے تحفظ کے لئے ہمارے رضاء کار پہنچے ہیں، ہم اپنے ایم این ایز کا تحفظ خود کرنا چاہتے ہیں۔

پولیس نے پارلیمنٹ لاجز سے جمعیت علمائے اسلام کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے رضاکاروں کو باہر نکالنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔پولیس نے پارلیمنٹ لاجز سے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی سمیت جے یو آئی کے چھ سے سات کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے،پولیس کی دھکم پیل میں پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ سعدرفیق دروازہ لگنے سے زخمی ہوگئے ۔

پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں انصار الاسلام کے رضاکاروں کے داخلے پر ڈی آئی جی آپریشنز اویس احمد نے کہا ہے کہ غیر متعلقہ افراد کو اندر آنے دیا گیا ہے۔ہم اس پر تحقیقات کر رہے ہیں اور اس معاملے کو قانونی طور پر دیکھیں گے۔

واضح رہے اس وقت اسلام آباد پارلیمنٹ لاجز میں پولیس اور انصار الاسلام کے کارکنان آمنے سامنے آچکے ہیں ،جے یو آئی کے کارکنان پولیس کی کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔