راولپنڈی : کرکٹ دیوانوں کے لیے خوشخبری! پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے لیے افتتاحی تقریب آج شام راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی، جہاں رنگ، روشنی اور موسیقی کا زبردست امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ شاندار تقریب شام 7 بجے شروع ہوگی، جس کی سب سے خاص بات ہوگی صوفی موسیقی کی لیجنڈ، عابدہ پروین کی پرفارمنس۔ ان کے ساتھ کچھ ینگ اسٹارز بھی اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے، جو شائقین کو خوب محظوظ کریں گے۔
تقریب کے بعد ایک بڑا مقابلہ بھی دیکھنے کو ملے گا، جہاں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ رات 8:30 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
پی ایس ایل 10 کے میچز چار شہروں ، کراچی (نیشنل بینک اسٹیڈیم) ، لاہور (قذافی اسٹیڈیم) ، ملتان (ملتان کرکٹ اسٹیڈیم) اور راولپنڈی (راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم) میں کھیلے جائیں گے۔