بجٹ میں بلند ،پائیدار اورجامع شرح ترقی کے حصول پر توجہ دی جائیگی، وزیراعظم

بجٹ میں بلند ،پائیدار اورجامع شرح ترقی کے حصول پر توجہ دی جائیگی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں بلند اور مستحکم شرح نمو کے حصول پر توجہ مرکوز کی جائے گی .حکومت نے انسانی اور بنیادی ڈھانچے دونوں میں سرمایہ کاری کا عزم کر رکھا ہے باضابطہ طریقے سے بیرون ملک سے رقوم وطن بھجوانے کی حوصلہ افزائی اور ہنڈی اور دیگر غیر قانونی ذرائع کی حوصلہ شکنی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں.

اسلام آباد میں بجٹ اسٹرٹیجی پیپر2017-20 کے بارے میں کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے انسانی اور بنیادی ڈھانچے دونوں میں سرمایہ کاری کا عزم کر رکھا ہے۔نواز شریف نے کابینہ کے اراکین سے کہا کہ وہ باضابطہ طریقے سے بیرون ملک سے رقوم وطن بھجوانے کی حوصلہ افزائی اور ہنڈی اور دیگر غیر قانونی ذرائع کی حوصلہ شکنی کیلئے اقدامات تجویز کریں۔وزیراعظم نے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کی تعریف کی جو جلد ہی سو ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اور مالیاتی خسارہ کم کرنے کیلئے درمیانی مدت کی اقتصادی حکمت عملی وضع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مالیاتی خسارے کو جون2020 تک کم کرکے مجموعی ملکی پیداوار کے چار فیصد تک لایا جائے گا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت چھ فیصد کی اقتصادی شرح نمو کے حصول اور مالی سال2017-18 میں محاصل کی وصولی بڑھانے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔اجلاس کو زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشت کاروں کو مراعات کی فراہمی کے حکومت کے عزم کے بارے میں بھی بتایا گیا۔وزیراعظم نے کابینہ کو اپنے متعلقہ علاقوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی تاکہ اقتصادی ترقی میں بہتری اور ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہوسکیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں