اسرائیل فلسطین جنگ جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 سو سے تجاوز کر گئی، 4ہزار سے زائد زخمی

اسرائیل فلسطین جنگ جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 سو سے تجاوز کر گئی، 4ہزار سے زائد زخمی
سورس: File

غزہ: اسرائیل فلسطین جنگ پانچویں روز بھی جاری ہے۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے  تیزکر دیے گئے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیل نے غزہ کے علاقے   الفرقان میں 200 سے زیادہ اہداف پر بمباری کی۔

اسرائیلی فوج کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران الفرقان پر یہ تیسرا حملہ ہے جس کے دوران 450 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 سو ہوگئی ہے جبکہ 4 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔حالیہ اسرائیلی بمباری سے 3 فلسطینی صحافی جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ ہفتے سے جاری بمباری میں اب تک 7 صحافی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ یونیسیف کا کہنا ہےکہ ایک لاکھ87 ہزار سے زائد فلسطینی گھر چھوڑنے پر مجبور ہوکر اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارےکے مطابق اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد 1200 تک پہنچ گئی ہے۔ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عام شہری تھے۔


اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی مزید سخت کردی ہے، پانی بجلی، خوراک اور  ایندھن کی فراہمی مکمل بند کردی گئی ہے جس کے باعث پہلے سے پابندیوں کے شکار غزہ کے رہائشیوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہی۔

اقوام متحدہ نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہےکہ ناکہ بندی سے شہریوں کی بقا خطرے میں آجائےگی۔   اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے غزہ کے اندر اور باہر انسانی راہداری کا مطالبہ کیا ہے۔

یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کوآرڈینیٹر جوزپ بوریل نے غزہ پر مکمل ناکہ بندی کرنے کی یونین کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ  اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

مصنف کے بارے میں