لاہور میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کا واقعہ، 10 سالہ سونیا کی ہلاکت، مالکن اور شوہر گرفتار

لاہور میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کا واقعہ، 10 سالہ سونیا کی ہلاکت، مالکن اور شوہر گرفتار

لاہور : پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 10 سالہ سونیا زندگی کی بازی ہار گئی۔ بچی کو اس کی مالکن نوشین فرخ اور شوہر فرخ بٹ کے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

یہ واقعہ اتفاق ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں سونیا اپنے مالکان کے گھر کام کر رہی تھی۔ پولیس کے مطابق، سونیا پر تشدد کا آغاز اس کے کام کی ایک معمولی غلطی پر ہوا، جس کے بعد اسے مارا پیٹا گیا۔ اہل خانہ کے مطابق، جب بچی کے بازو پر چوٹ آئی تو ابتدائی طور پر انہیں بتایا گیا کہ یہ معمولی حادثہ ہے۔ لیکن جب بچی کی رشتہ دار نے موقع پر پہنچ کر صورت حال دیکھی تو وہ ہیران ہو گئی کیونکہ بچی کو شدید تشدد کا سامنا تھا۔

سونیا کی والدہ رابعہ نے کہا کہ انہیں صرف اس بات پر مارا گیا کہ سونیا نے کام میں غلطی کی تھی۔ "ہمیں بتایا گیا کہ بچی کو ہسپتال لے جایا گیا ہے، مگر وہ مر چکی تھی۔ میرے دل پر دکھ اور غصہ ہے، یہ ظلم تھا اور ناحق قتل تھا۔

پولیس نے بچی کی والدین کی درخواست پر نوشین فرخ اور اس کے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز، فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بچوں پر تشدد کے کسی بھی واقعے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ایسے واقعات کی تحقیقات جلد مکمل ہوں اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس نے واقعے کی تفصیلات پر کام کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ اس قسم کے مظالم کی روک تھام کی جا سکے۔