سعودی عرب : بیٹی پر تشدد کر نیوالا باپ گرفتار

سعودی عرب : بیٹی پر تشدد کر نیوالا باپ گرفتار

 ریاض : سعودی عرب میں ایک شخص کو اپنی بیٹی پر تشدد کرنے اور  اس کی ویڈیو بنانے اور اس کو سوشل میڈیا پر ڈالنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے مکہ منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق غیرملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں  40 سالہ شخص نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی 11سالہ بیٹی کو رسی کے ساتھ باندھ کر اس پر کوڑے کی مدد سے کئی بار تشدد کیا ۔

تاہم برما سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنے اس جرم کا ذمہ دار اپنی ایک بہن کو قرار دیا جو کہ گھر سے اس لیے فرار ہوگئی تھی کیوں کہ اس کی بہن نے اس شخص کی بیٹی کے بال اس کی اجازت کے بغیر کاٹ دیے تھے۔


پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں حراست میں لے گئے شخص نے بتایا کہ اس کی طرف سے اپنی بہن کو گھر واپس لانے کے لیے اس نے اپنی بیوی کو مجبور کیا کہ وہ بیٹی پر تشدد کی ویڈیو بنائے تاکہ اس کو سوشل میڈیا پر ڈالا جائے اور اس کودیکھ کر اس کی بہن گھر واپس آجائے۔

دوسری طرف سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوشن کے ادارے کا کہنا ہے کہ ملکی قانون کے مطابق بچوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنے اور ان کی رہنمائی میں کوتاہی برتنے کو جرم تصور کیا جاتا ہے۔

کیوں کہ یہ بہت بڑی غفلت اور نقصان دہ بات ہے کہ بچوں کو کسی سربراہ یا خاندانی دیکھ بھال کے بغیر چھوڑ دیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ کمرشل مارکیٹوں میں بچوں کا استحصال کرنا۔

انہیں ارادی یا غیر ارادی طور ایسی معلومات کی طرف راغب کرنا کہ جو اخلاقیات کے خلاف ہیں ، جرائم کی طرف رغبت دینے والے عوامل یا بچوں کی عمر کے لحاظ سے غیر مناسب اقدامات بھی جرائم تصور کیے جاتے ہیں۔