سوئس شہریت کے حصول میں نرمی کےلئے اہم اقدام

سوئس شہریت کے حصول میں نرمی کےلئے اہم اقدام

سوئٹزرلینڈ میں عوام نے ایک ریفرنڈم کے ذریعے غیر ملکیوں کے لیے مقامی شہریت کے حصول میں نرمی کی منظوری دے دی۔

غیر ملکیوں کی تیسری نسل کے لیے سوئس شہریت کے حصول میں اس نرمی کی ساٹھ فیصد ووٹروں نے حمایت کی۔ گزشتہ روز عوامی ریفرنڈم میں 60.4 فیصد سوئس رائے دہندگان نے اس امر کی حمایت کر دی کہ اس یورپی ملک میں مقیم غیر ملکیوں کی تیسری نسل کے لیے مقامی شہریت کا حصول بہت آسان بنا دیا جانا چاہیے۔

اس طرح سوئٹزرلینڈ میں مقیم ایسے تارکین وطن کے لیے سوئس شہریت کا حصول بہت آسان بنا دینے کی منظوری دے دی گئی ہے، جن کی عمریں پچیس برس سے کم ہوں اور جن کے والدین اور والدین کے والدین بھی برسوں تک اس ملک میں قانونی طور پر رہائش پذیر رہے ہوں۔یوں تارکین وطن کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کے لیے شہریت کی درخواست دینے کا طریقہ کار بھی بہت آسان بنا دیا جائے گا۔

اب یہ عمل قانونی طور پر اتنا ہی تیز رفتار اور آسان ہو جائے گا، جتنا ان غیر ملکیوں کو سوئس شہریت دینے کا عمل، جنہوں نے سوئس شہریوں سے شادی کے بعد ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع اس ملک میں رہائش اختیار کی ہو۔ اس ریفرنڈم میں کیے جانے والے عوامی فیصلے کے بعد اب سوئٹزرلینڈ میں یہ ممکن ہو جائے گا کہ جو نوجوان غیر ملکی تارکین وطن کی تیسری نسل کے طور پر اس ملک میں مقیم ہیں، انہیں تیز رفتاری سے سوئس شہریت دیتے ہوئے مقامی معاشرے کا حصہ بننے میں مدد دی جائے۔

غیر ملکی تارکین وطن کی جس تیسری نسل کے لیے سوئس شہریت کا حصول بہت آسان بنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہ دیکھا جائے تو بظاہر صرف قریب 25 ہزار افراد کو متاثر کرے گا تاہم اگر غور کیا جائے تو اس کا سوئٹزرلینڈ کی مجموعی طور پر صرف 8.2 ملین کی آبادی پر اثر بہت دور رس اور گہرا ہو گا۔

اس لیے کہ پورے یورپ میں سوئٹزرلینڈ کو اس حوالے سے بہت منفرد مقام حاصل ہے کہ اس کی مجموعی آبادی کا قریب ایک چوتھائی حصہ ایسے افراد پر مشتمل ہے، جو اس ملک میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔

مصنف کے بارے میں