لاہور : آج 13 فروری کو اردو کے عہد ساز انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا یومِ پیدائش منایا جا رہا ہے۔ فیض احمد فیض 1911 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور اپنی شاعری سے ظلم، بے انصافی اور جبر کے خلاف ساری زندگی جدوجہد کی۔ ان کی شاعری میں انقلابی فکر اور عاشقانہ لہجے کا حسین امتزاج تھا جس نے اردو ادب کو نئی جمالیاتی شان بخشی۔
فیض احمد فیض نے اپنی شاعری کے ذریعے انسانوں کے حقوق، آزادی اور انصاف کی آواز بلند کی۔ انہوں نے اپنی زندگی میں کئی بار قید و جلاوطنی کا سامنا کیا لیکن اپنی حق گوئی نہیں چھوڑی۔ ان کا کلام محمد رفیع، نور جہاں، مہدی حسن اور جگجیت جیسے عظیم گلوکاروں کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا، اور ان کی تخلیقات فلم انڈسٹری میں بھی انتہائی مقبول ہوئیں۔
فیض احمد فیض واحد ایشیائی شاعر تھے جنہیں "لینن پیس ایوارڈ" جیسے عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔ ان کی شاعری نے اردو زبان کو عالمی سطح پر متعارف کروایا اور ان کے پیغامات آج بھی انسانیت، محبت اور جرات کی علامت ہیں۔