اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے یومِ پاکستان کی 85 ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد دی اور عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ 23 مارچ 1940 پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ تھا، جس دن نے بطور قوم ہمارے وژن کو اجاگر کیا۔ سروسز چیفس نے کہا کہ قوم آج جمہوریت کے جھنڈے تلے ترقی کی راہوں پر گامزن ہے اور پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ چوکس اور ثابت قدم ہیں، اور سرحدوں کی حفاظت اور وطن کی خودمختاری کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آج کا پاکستان عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور پرعزم رکن کے طور پر کھڑا ہے، اور پاکستان امن، استحکام اور تعاون کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔
سروس چیفس نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی اور ہم ہمیشہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پاکستان عالمی سطح پر ہم آہنگی کا مینار بنے۔